خضدار ڈویژن میں ستمبر پولیو مہم کی تیاری، 2 لاکھ 52 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

خضدار: ستمبر 2026 کی چار روزہ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 21 سے 24 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران خضدار ڈویژن میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے ایک ہزار 32 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ضلع خضدار میں 91 ہزار 808، قلات میں 40 ہزار 269، وڈھ میں 71 ہزار 751 اور سوراب میں 48 ہزار 182 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

اجلاس میں کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یونین کونسلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں ویکسین سے رہ جانے والے بچوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات طے کیے گئے۔ پولیو ٹیموں اور دیگر عملے کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر قادر بخش پرکانی نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے اور مہم کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.