ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ اس انقلابی اقدام سے بلوچستان کے لوگوں کو ہیپاٹائٹس سی کے ٹیسٹ کی بغیر کسی فیس کے سہولت دستیاب ہوگی:صوبائی وزیر صحت
کوئٹہ :صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ اور سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ اس انقلابی اقدام سے بلوچستان کے لوگوں کو ہیپاٹائٹس سی کے ٹیسٹ کی بغیر کسی فیس کے سہولت دستیاب ہوگی۔ محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو آگاہی فراہم کی گئی ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس سی کی پی سی آر ٹیسٹ پبلک ہیلتھ لیبارٹری فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ سے مفت کرواسکتے ہیں۔ تمام ٹیسٹ کروانے والے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ مذکورہ ٹیسٹ کے لئے ایم ایس اور ڈی ایچ او کے دستخط شدہ نسخے کے ساتھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری فاطمہ جناح ہسپتال میں جاکر اپنا ٹیسٹ کرواسکتے ہیں اس سے قبل ہیپاٹائٹس سی کے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں موجود نہیں اور عوام پرائیویٹ لیبارٹری سے پی سی آر ٹیسٹ بھاری بھر کم فیس ادا کرکے ٹیسٹ کروانے پر مجبور تھے۔ حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کے مرض کے تدارک کے لئے اور اس کی تشخیص کے لئے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے پی سی آر ٹیسٹ مفت کروانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ اور بلوچستان بھر کے ہیپاٹائٹس سی کے مریض دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی ہیپاٹائٹس سی کے ٹیسٹ کے خون کے نمونے لیکر مفت پی سی آر ٹیسٹ کرواسکیں گے