بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین ’’جناح پیپلز ٹرین‘‘ کو کوئٹہ کے عوام کے لیے صوبائی حکومت کا بڑا تحفہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ماس ٹرانزٹ ٹرین کا آغاز عوام کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
صادق عمرانی نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا، جبکہ روٹ میں کچلاک سے سریاب تک سات اسٹیشن شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملے گی اور وقت و سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت عوامی سہولیات کی بروقت تکمیل اور بہتر سفری نظام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔