بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی، شکایات کے بروقت ازالے اور ٹیکس امور میں معاونت کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں فون کالز، آن لائن پورٹلز اور ای میلز کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو فراہم کی جانے والی سہولیات، شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر رجسٹریشن، انرولمنٹ، ریٹرن فائلنگ اور دیگر ٹیکس امور میں رہنمائی اور معاونت پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ٹیکس دہندگان کے مسائل اور شکایات کو مؤثر انداز میں حل کرتے ہوئے انہیں ٹیکس سے متعلق معاملات میں بروقت رہنمائی فراہم کی جائے۔
دریں اثنا بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے افسران اور متعلقہ عملے کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے اکاؤنٹس، ٹیکسیشن اور آئی ٹی آپریشنز کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی سیشن بھی منعقد ہوا۔
سیشن میں SAP ڈیٹا، متعلقہ قوانین و قواعد کے تحت نوٹسز کا اجرا، ڈیسک آڈٹ، شارٹ پیمنٹس، اسیسمنٹ آرڈرز، ان پٹ و آؤٹ پٹ ٹیکس اور ٹیکس انفورسمنٹ کے مراحل سے متعلق عملی معلومات فراہم کی گئیں۔ آئی ٹی سیشن میں رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور متعلقہ ضمیموں کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی۔
AG آفس، ٹیکس ماہرین اور PRAL کے نمائندگان نے تربیتی سیشن میں بطور ٹرینرز شرکت کی۔ حکام کے مطابق تربیت کا مقصد افسران، انسپکٹرز، آڈیٹرز، ٹیکس فسیلیٹیشن افسران اور آئی ٹی ٹیم کی پیشہ ورانہ و عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ ٹیکس انتظامیہ، ٹیکس دہندگان کی سہولت اور محصولات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔