ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ نے جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے تعاون سے عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے یونیورسٹی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں فیکلٹی ممبران، ہیلپنگ ہینڈز کے نمائندوں اور مختلف اسکولوں و کالجوں کے سربراہان اور اساتذہ نے شرکت کی۔
تقریب سے چیئرمین شعبہ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر غلام جان، چیئرپرسن شعبہ تعلیم رقیہ میروانی، ہیلپنگ ہینڈز کے نمائندے غلام اعظم دشتی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
وائس چانسلر جامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو کیریئر میں پیش رفت اور ترقی کے بروقت مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت کے فیکلٹی اور انتظامی عملے کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور خالی آسامیوں کو پُر کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق سینئر فیکلٹی اور آئینی اسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جو جامعہ تربت کی پائیدار ترقی اور پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان 2026-2030 کے اہداف کے حصول کے لیے اہم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے جبکہ شجرکاری کی ترغیب کے لیے پودے بھی تقسیم کیے گئے۔