کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سروس ایریاز کی تعمیر کی منظوری دے دی یہ منظوری انہوں نے بورڈ آف ریونیو بلوچستان کی جانب سے ارسال کی جانے والی سمری پر دی ہے جس کے مطابق وزارت مذہبی امور نے کوئٹہ تفتان روڈ پر پدگ، نوکنڈی اور دالبندین میں زائرین کے سروس ایریا کے لیے سرکاری اراضی کی درخواست کی تھی وزیراعلیٰ بلوچستان نے منظور ی کے بعد عوامی نوعیت کے اس منصوبے پر فوری تعمیر کے لیے اراضی کی فراہمی کی ہدایت کردی ہے۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی زائرین مینجمنٹ پالیسی کے مطابق کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کے لیے سروس ایریا کی تعمیر کی جائے گی جس کے تحت پدگ ، نوکنڈی اور دالبندین میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے زمین فراہم کی جانے والی اراضی پر سروس ایریا تعمیر کریگی جبکہ زائرین کے سروس ایریا کی تعمیر کے لیے مذکورہ سرکاری اراضی این ایچ اے کو لیز کے تحت دی جائے گی ۔ حکومت کے اس اقدام سے زاہرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔واضع رہے کہ پاکستان سے ہر ماہ ہزاروں زائرین ایران جاتے ہیںتا ہم کوئٹہ سے تفتان تک 900کلو میٹر طویل شاہر اہ پر ان زائرین کے لیے وہ سہولیات نہیں جوانہیں دستیاب ہونے چاہیے اس سلسلے میں زائرین کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ انہیں سہولیات کی فرا ہمی ممکن بنا ئی جا ئے ۔