کوئٹہ گرین بس سروس کو ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ، لائیو ٹریکنگ اور ای ٹکٹنگ پر غور

کمشنر کوئٹہ ڈویژن زیشان لاشاری کی زیرِ صدارت گرین بس سروس کو ڈیجیٹل بنانے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ شہری موبائل ایپ یا ویب پورٹل کے ذریعے گرین بس کے روٹس، اسٹاپس، اوقاتِ کار، کرایوں اور دیگر سفری معلومات باآسانی حاصل کر سکیں۔ لائیو بس ٹریکنگ کی سہولت بھی متعارف کرانے پر غور کیا گیا تاکہ مسافروں کو بس کی موجودہ پوزیشن اور اگلی بس کی آمد کے متوقع وقت سے آگاہی مل سکے۔
اجلاس میں ڈیجیٹل ٹکٹنگ، الیکٹرانک ادائیگی، بس اسٹاپس پر ڈیجیٹل ڈسپلے، مسافروں کے لیے معلوماتی نظام اور آن لائن شکایات و تجاویز کے اندراج سمیت دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر زیشان لاشاری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کو شہریوں کے لیے آسان، شفاف، قابلِ اعتماد اور صارف دوست بنایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو گرین بس سروس کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں گرین بس سروس کے روٹس، آپریشنل امور، مسافروں کو درپیش مشکلات اور سروس کو مزید مؤثر بنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.