صوبائی وزیر علی مدد جتک کی نشاندہی پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ صنعتی زون میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نور احمد پرکانی اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات بلوچستان (EPA) ظہور بلوچ کی ہدایات کی روشنی میں ماحولیاتی معائنہ کار ٹیموں نے صنعتی زون میں مختلف صنعتی یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد علی کی سربراہی میں انفورسمنٹ، لیبارٹری اور پبلک اویئرنس ونگز پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے کارخانوں میں ماحولیاتی تحفظ کے انتظامات، صنعتی اخراج، فضلے کے انتظام اور کارکنوں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران متعدد صنعتی یونٹس میں ماحولیاتی قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ بعض کارخانوں میں دھویں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کنٹرول کرنے والے آلات غیر فعال پائے گئے، جبکہ بعض مقامات پر صنعتی کچرے کو کھلے عام جلانے اور کیمیکل و ٹھوس فضلے کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی نشاندہی ہوئی۔
بعض صنعتی یونٹس میں کارکنوں کو حفاظتی لباس، ماسک اور دیگر ضروری حفاظتی آلات کی عدم فراہمی بھی سامنے آئی۔
EPA کی لیبارٹری ٹیم نے صنعتی اخراج اور گندے پانی کے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ شروع کردی، جبکہ پبلک اویئرنس ٹیم نے صنعتی یونٹس کی انتظامیہ اور کارکنوں کو ماحول دوست پیداواری طریقوں، فضلے کے مناسب انتظام اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔
ادارہ تحفظ ماحولیات نے خلاف ورزیوں کے مرتکب صنعتی یونٹس کو اصلاح احوال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے باقاعدہ نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
حکام کے مطابق صنعتی آلودگی کے خاتمے، شہریوں کی صحت کے تحفظ اور ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے صنعتی علاقوں کے معائنے اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ مزید وسیع کیا جائے گا۔