کوئٹہ، 9 اکتوبر 2026: محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان نے پیشہ ورانہ گداگری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 10 خواتین سمیت 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے ویلفیئر ہوم فار بیگرز کی ٹیم نے جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازار، پرنس روڈ، پٹیل روڈ، ڈبل روڈ اور سریاب روڈ سمیت مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ حراست میں لیے گئے افراد کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں منتقل کردیا گیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق کارروائی کا مقصد پیشہ ورانہ گداگری کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ایسے افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو حقیقی طور پر فلاحی مدد اور بحالی کے مستحق ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ور گداگری کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق تسلسل سے جاری رکھی جائیں۔