چمن کے اسپتالوں میں طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

چمن، 17 ستمبر 2026ء: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ضلع کے تمام ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت، ڈسپنسریوں، ایم سی ایچ سی مراکز اور نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن میں طبی سہولیات اور صحت عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایم ایس نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے مختلف ہیلتھ یونٹس میں دستیاب سہولیات، ڈاکٹرز و طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور درپیش مسائل و ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی اہم ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں اور ہیلتھ یونٹس میں ڈاکٹرز سمیت طبی و معاون عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز کی غیر حاضری اور فرائض میں غفلت کے معاملے پر کسی قسم کی مصلحت پسندی یا نرمی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی حساس ہے، جہاں غفلت مریض کی زندگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے تمام ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت، صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.