کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے تاریخی ریلوے فٹبال گراﺅنڈ کی حالت زار ، داخلی دروازے کے قریب پڑا کچرہ ایک ماہ سے اٹھایا نہیں جاسکا ، کچرے سے اٹھنے والے تعفن سے قریب واقع پاسپورٹ آفس میں عملہ اور سائلین کا بیٹھنا محال ، راہ چلتے شہری ، کھیلے کیلئے آنے والے کھلاڑی اور رہائشی افراد بھی غلاظت اور بدبو سے ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوائنٹ روڈ پر واقع پاسپورٹ آفس کے عقب میں پارکنگ کیلئے مختص جگہ جہاں گراﺅنڈ کا داخلی دروازہ بھی واقع ہے عدم توجہی کے باعث کچرہ کنڈی میں تبدیل ہوگیا ۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپویشن نے یہاں کچرہ کا ٹب نصب ہے جہاںپر ملحقہ علاقوں کے لوگ اپنا کچرہ پھینک کر چلے جاتے ہیں تاہم صفائی نہ ہونے سے کچرے سے اٹھنے والے تعفن سے قریب واقع پاسپورٹ آفس میں عملہ اور سائلین کا بیٹھنا محال ، راہ چلتے شہری ، کھیلے کے لیے آنے والے کھلاڑی اور رہائشی افراد بھی غلاظت اور بدبو سے ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں متعدد مرتبہ میٹروپولیٹن حکام کو زبانی اور تحریری طور پر آگاہ کیا مگر ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود کچرہ نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ریلوے فٹبال گراﺅنڈ میںکوئٹہ کے مختلف علاقوں سے کھلاڑی کھیلنے کیلئے آتے ہیں یہاں انہیں صحت مند ماحول فراہم کرنے کی بجائے کھلاڑی کچرہ میں سے ہوکر گزرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ قریب واقع پاسپورٹ آفس آنے والے شہریوں کو بھی درشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہینوں سے جمع کچرے کے ٹھکانے لگاکر شہریوں اور کھلاڑیوںکو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے ۔