نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ لیول امپلیمنٹیشن کمیٹی کے اجلاس میں کھاد کی دستیابی، سپلائی، ذخیرے، قیمتوں اور کسانوں تک شفاف فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں حکومت بلوچستان کی جانب سے کمیٹی کو تفویض کردہ ذمہ داریوں اور ٹرمز آف ریفرنس کے علاوہ ضلع میں کھاد کی طلب و رسد، ڈیلرز اور سب ڈیلرز کے اسٹاک، خرید و فروخت کے ریکارڈ اور کسانوں تک ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کھاد کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ برقرار رکھنے کے لیے سپلائی اور قابلِ سراغ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ ڈیلرز کے اسٹاک کی باقاعدہ جانچ، فزیکل آڈٹ اور ریکارڈ کی تصدیق یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر کھاد کی دستیابی اور کسانوں کو شفاف رسائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ زائد قیمت وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی ترسیل، مصنوعی قلت یا غیر معیاری کھاد کی فروخت کی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔