کروناویکسین کے عمل میں تیزی اور تمام افراد کو ویکسینیشن کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے : اورنگزیب بادینی
کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کروناویکسین کے عمل میں تیزی اور تمام افراد کو ویکسینیشن کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اس سلسلے میں یکم جولائی سے تمام سرکاری دفاتر، بینک، شاپنگ مالز، پارکس، ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کارڈ کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی لہذا عوام جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ویکسینیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خلیل مراد، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک محمد وقار، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی محمد زوہیب، اسسٹنٹ کمشنر سریاب یاسر اقبال کے علاوہ محکمہ صحت کے ڈاکٹر عبدالحفیظ،ڈاکٹر عرفان احمد،ڈاکٹر زمان جمالی،ڈاکٹر ایوب بادینی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندگان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کرونا ویکسینیشن کے عمل میں حائل رکاوٹوں اور اعدادوشمار کی درستگی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اس حوالے سے عملے کی کمی اور اس مشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کووڈ ٹیسٹنگ کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام تعلیمی اداروں، سرکاری اور نجی دفاترمیں ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے یکم جولائی تک تمام افراد کو ویکسین لگوائی جائے انہوں نے کہا کہ ویکسین ہر فرد کے لئے لازم ہے لہذا اس سلسلے میں تعاون نہ کرنے والے نجی اور سرکاری دفاتراور تمام تعلیمی اداروں کے عملہ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی آخر میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک کوئٹہ کے 125 سکولوں میں سے 40 سکول اور 8 کالجوں میں ویکسینیشن کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور باقی رہ جانے والے اداروں میں بھی بہت جلد ویکسینیشن مکمل کر لی جائیگی۔