صحبت پور: ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع صحبت پور میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تحصیل آفس، تبدیلی مرکز، ویٹرنری اسپتال، لائبریری، بچوں کے پارک اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور استعمال ہونے والے سامان کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس میں سرکاری ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا اور ریونیو ریکارڈ باقاعدگی سے تازہ رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوامی درخواستوں، انتقالات اور دیگر ریونیو معاملات مقررہ مدت میں نمٹانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے منظور شدہ نقشے، تخمینے اور مقررہ تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ اداروں کو منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔